نئی دہلی ، 18 ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اور میرابائی چانو کو پیر کو مشترکہ طور پر ملک کے سب سے بڑے کھیل ایوارڈ راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ دینے کی سفارش کی گئی۔اس ایوارڈ کے سلیکشن کمیٹی سے وابستہ ایک ذرائع نے کہا کہ 29 سال کے کوہلی کے نام کی 2016 میں بھی سفارش کی گئی تھی لیکن اس وقت سلیکشن کمیٹی میں ان کے نام پر اتفاق رائے نہیں ہوسکی تھی۔ کوہلی فی الحال آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ بلے باز ہیں اور شاندار فارم میں چل رہے ہیں۔اگر وزیر کھیل وردھن سنگھ راٹھور ان کے نام کی منظوری دے دیتے ہیں تو وہ اس ایوارڈکو حاصل کرنے والے ملک کے تیسرے کرکٹر ہوں گے۔اس سے پہلے یہ ایوارڈعظیم بلے باز سچن تندولکر (1997) اور دو بار ورلڈ کپ جیتنے والے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی (2007) کو ملا ہے۔گزشتہ سال عالمی چمپئن شپ میں 48 کلو گرام طلائی تمغہ جیتنے کی وجہ سے اس عظیم ایوارڈ کے لئے میرا بائی کے نام کی سفارش کی گئی ہے۔انہوں نے اس سال دولت مشترکہ کھیلوں میں بھی زرد تمغہ حاصل کیا تھا لیکن چوٹ کی وجہ سے ایشیائی کھیلوں میں حصہ نہیں لے سکی۔ذرائع نے بتایا کہ اس ایوارڈ کے لئے بیڈمنٹن کھلاڑی کدامبی سری کانت کے نام پر بھی بحث کی گئی تھی۔